نیوزی لینڈ میں ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کے 431 رنز کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ حسب معمول لائن لڑکھڑا گئی تاہم محمد رضوان اور فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ شراکت کے ساتھ قومی ٹیم کو فالو آن سے بچا لیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ماونٹ منگنوئی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 431 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، جواب میں پاکستان کے بیٹسمین ایک مرتبہ پھر اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، پاکستان کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب شان مسعود 10 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے، ان کے بعد عباس علی 5 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سابق کپتان اظہرعلی 5،حارث سہیل 3، فواد عالم 9 اور یاسر شاہ 4 رنز پر ڈھیر ہو گئے، جب کہ عابد علی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی 6 وکٹیں 80 رنز پر گرنے کے بعد قومی ٹیم کو فالو آن کا خطرہ لاحق ہو گیا تاہم کپتان محمد رضوان اور فہیم اشرف نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم کو فالو آن سے بھی بچا لیا، محمد رضوان اور فہیم اشرف کے درمیان 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی بدقسمتی سے محمد رضوان 71 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔فہیم اشرف اپنے کیریئر کے بیسٹ 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن بدقسمتی سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل نہ کرسکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ اور کائل جمیسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ نیل ویگنار کے حصے میں آئی۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ ٹیم پہلی اننگز میں 431 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کیوی کپتان کین ولیمسن 129 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ بی جے واٹلنگ 73، راس ٹیلر 70 اور ہینری نکولس 56 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، یاسر شاہ نے 3 جب کہ فہیم اشرف، محمد عباس اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Comments are closed.