راولپنڈی :حسن علی کی تباہ کن بولنگ ، پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو 95 رنز سے ہرا کر 18 سال بعد سیریز میں شکست دے دی۔370 رنز کے تعاقب میں دوسرے ٹیسٹ کے آخری روزساوتھ افریقہ نے اننگز کا آغازکیا تو ابتدائی اوورز میں ہی حسن علی نے پاکستان کو دو کامیابیاں دلوا کر جیت کی بنیاد رکھ دی ۔
وین ڈار ڈاسن کو 48 اور فاف ڈپلسی 5 رنز پر آؤٹ ہوئے تاہم ایڈم مارکرم اور ڈمبا باوما نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 106 رنز کی شراکت قائم کی۔ مارکرم نے شاندار سنچری اسکور کی تاہم نئی گیند ملتے ہی حسن علی نے مارکرم کو 108 رنز پر پویلین بھیج دیا اور اگلے ہی گیند پر کپتان کوئنٹن ڈی کاک کو بھی آؤٹ کردیا جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
ٹمبا باوما کی اننگز بھی 61 رنز پر تمام ہوگئی جبکہ ویان ملڈر 20 رنز اور ڈین ایلگر 17 رنز ہی بنا سکے ۔ کیشو مہاراج اور کگیسو رباڈا کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 5، شاہین آفریدی نے 4 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ حسن علی نے مجموعی طور پر ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے 2 میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے 272 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ قومی ٹیم دوسری اننگز میں 298 رنز پر آؤٹ ہوئی اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 370 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں مہمان ٹیم 274 رنز ہی بناسکی ۔یوں پاکستان نے فتح کیساتھ ہی کلین سویپ بھی مکمل کرلیا۔
Comments are closed.