یوسف رضا گیلانی چئیرمین سینیٹ کے لیے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوارنامزد

  اسلام آباد:مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلا س میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیر پاؤ، عثمان کاکڑ، ساجد میر، میاں افتخارحسین، یوسف رضاگیلانی، شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف بھی شریک ہوئے، سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت  کی ۔

 اجلاس کے بعد پی ڈی ایم کی رہنماوں کی میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل ا لرحمان نے بتایا کہ یوسف رضا گیلانی کوچئیرمین سینیٹ کے لیے متفقہ امیدوار نامزد کر دیاگیا جبکہ ڈپٹی چئیرمین کے نام کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ، کمیٹی کا اجلاس منگل کو ہو گا۔لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع کیا جائے، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے، تمام جماعتیں اپنے اخراجات خود برداشت کریں گی۔

بلاو ل بھٹو زرداری نے کہاکہ حکومت غیر جمہوری طریقے سے یوسف رضا گیلانی کا راستہ روکنا چاہتی ہے ، امید ہے الیکشن کمیشن کو ئی غیر آئینی اقدام نہیں کرے گا۔مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہاکہ پنجاب میں تحریک انصاف کے ایک وزیر اعلی ٰ کو ہٹا کر انہی کا دوسرا لانا عقلمندی نہیں۔پی ڈی ایم رہنماوں کا کہنا تھا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، اپوزیشن رہنماوں کیساتھ بدسلوکی قابل مذمت ہے ۔

 اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے قیام کا مقصد حکومت کا حصول نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کا خاتمہ ہے، یوسف رضا گیلانی کو شاندار کامیابی پر مبارکاد پیش کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری نے ٹھیک کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا اثر ملکی سیاست پر ہوگا، ان کی کامیابی نے حکمرانوں کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں۔ پیپلزپارٹی سینیٹ چیئرمین کے لئے یوسف رضا گیلانی کا نام پیش کرے، مسلم لیگ (ن) ساتھ دے گی۔

Comments are closed.