کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری نے ثابت کردیا ملک میں عملاًحکومت کس کی ہے، پی ڈی ایم

کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کو بدمعاشی اور پی ڈی ایم کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش قراردیا ہے اور کہا ہے کہ سندھ کی سرزمین پر اس اقدام نے ثابت کر دیا کہ ملک میں عملاً حکومت کس کی ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان، راجا پرویز اشرف، مریم نواز اورسردار اختر مینگل سمیت دیگر پی ڈی ایم رہنماؤں نے کراچی میں اہم پریس کانفرنس کی، اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو کمرے کا دروازہ توڑ کر گرفتار کرنا بدمعاشی ہے۔ یہ حرکت پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ میری آصف زرداری، مراد علی شاہ سے بات ہوئی، انہوں نے اس واقعے کی مذمت کی اور شرمندگی کا اظہار کیا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت کا مذمت کرناسے پی ڈی ایم کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی سازش ناکام ہوگئی، ہمارے پاس وہ ویڈیو کلپس ہیں جن میں پی ٹی آئی کے لوگ مزار قائد پر ہلڑ بازی کر رہے ہیں۔ یہ بھول گئے ہیں انہوں نے نواز شریف کے خلاف مسجد نبوی میں نعرے لگائے تھے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے پر پورا پی ڈی ایم مدعی ہے، مریم نواز یہاں پیپلز پارٹی کی مہمان ہیں،یہ ہماری بہن ہماری بیٹی مریم پر نہیں ہم سب پر حملہ ہے، یہ ہماری حرمت پرحملہ ہے، انہوں نے فوری طور پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے یہ بدمعاشی کر کے انہیں گرفتار کیا وہ قوم سے معافی مانگیں۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے فون کیا، وہ بہت غصے میں تھے، کہ ہم سوچ بھی سکتے تھےکہ ہماری بہن کے ساتھ اس طرح کا سلوک ہوگا،  مریم نواز نے کہا کہ مجھے ایک لمحے کو بھی نہیں لگاکہ سندھ حکومت کی کارروائی ہے۔ اگرکوئی سمجھتا ہے اس سے پی ڈی ایم میں دراڑ جائے گی، ہم بھی سمجھتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اگر قائداعظم کے مزار پر اگرکسی نے قائد اعظم ہی کا بیانیہ دہرایا تو توہین ہوگئی؟ میں اچھی طرح جانتی ہوں کہ ووٹ کو عزت دو اور مادر ملت زندہ باد کے نعروں سے کس کو ڈر لگتا ہے، اس سے نامعلوم افراد کو ڈر لگتا ہے، یہ سب کو معلوم ہی ہیں خلائی مخلوق سے آپ زمینی مخلوق بن گئے تو کیا لوگوں کو سمجھ نہیں آئے گی؟

انہوں نے انکشاف کیا کہ قتل کی دھمکی کا پرچہ درج کرانے والا وقاص احمد خان انسداد دہشت گردی عدالت کا مفرور ہے، ان پرچوں کے مدعی ایک جیسے کیوں ہوتے ہیں، اس موقع پر لقمہ دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جلدی میں ایسا ہی ہوتا ہے۔ مریم نواز نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کیپٹن صفدر کو کافی عرصہ سے دھمکیاں آ رہی تھیں ۔ وہ جذباتی آدمی ہیں بات کردیتے ہیں۔ میرے رشتوں کے ذریعے مجھے بلیک میل کرنے کے بجائے آؤ مجھے گرفتار کرو۔۔۔میں یہاں بیٹھی ہوں۔

پی ڈی ایم کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ہمارے وزیراعلیٰ کو اس واقعے سے لاعلم رکھا گیا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کو اس واقعے پر بہت دکھ ہے۔ سندھ کی ثقافت ہے کہ ہم اپنے مہمانوں کے لیے کسی حد تک بھی جانے کے لیے تیار ہیں۔ اس واقعے کی مکمل انکوائری ہو گی۔

Comments are closed.