ملتان والا کھیل لاہور میں کھیلنے کی کوشش کی گئی تو انجام بُرا ہوگا، پی ڈی ایم کی وارننگ

پی ڈی ایم نے حکومت پر واضح کردیا کہ اگر ملتان والا کھیل لاہور میں کھیلنے کی کوشش کی گئی تو انجام بہت برا ہوگا،ملتان میں کارکنوں پر تشدد کے خلاف کل ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔

پی ڈی ایم کے مرکزی نائب صدر سینیٹر عبد الغفور حیدری پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا،13 دسمبر کو لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں۔حکمران اپنی ناکامیوں کو چھپانے کےلئے کورونا کی آڑ لے رہے ہیں ، کسی بھی مرحلے پر جیل بھرو تحریک شروع کر سکتے ہیں ۔

 عبدالٖغفور حیدری نے کہاکہ ملتان جلسے کو روکنے اور کارکنوں کی گرفتاریوں و تشدد کے خلاف تمام ضلعی ہیڈ کوارٹز میں احتجاج ریکارڈ کرائینگے ، حکمرانوں کے پاس اکثریت نہیں اقلیت ہے ، انہیں اقتدار چھوڑ دینا چاہیے ۔ 8 دسمبر کے سربراہی اجلاس میں بڑے فیصلے ہونگے،نوازشریف کا لاہور جلسے کے خطاب سے فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی،تحریک عدم اعتماد کے فیصلے بھی ہماری قیادت کرے گی۔

پی ڈی ایم رہنما کاکہناتھا کہ ہمارے سیکڑوں کارکنان 16 ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لئے بند کر دیئے گئے ہیں لیکن ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں،آج تاجروں، مزدروں، ٹیچرز، ڈاکٹرز، وکلا اور لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت پوری قوم حکمرانوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

Comments are closed.