اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے بحثیت اسپیکر قومی اسمبلی حلف اٹھا لیا۔ نومنتخب اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، اور وہ اسپیکر قومی اسمبلی کی کرسی پر براجمان ہوگئے ہیں۔ ان کے اسپیکر منتخب ہونے کے اعلان پر گیلریز میں موجود مہمانوں کی زبردست نعرے بازی کی۔
نومنتخب اسپیکر راجا پرویز اشرف قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست کے مرد حر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا ممنون ہوں، میں قائد ایوان و وزیراعظم سمیت پارلیمانی رہنماؤں کا بھی شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھے اس منصب کے لئے اہل سمجھا۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایک سابق وزیراعظم اسپیکر قومی اسمبلی بنا ہے، میں رب ذوالجلال کے سامنے سر کو جھکاتا ہوں، جس نے ایک ادنی بندے کو باوقار عہدے پر بٹھایا۔ اس سے قبل قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدرات پینل آف چئیر سردار ایاز صادق نے شروع کی، اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے صرف راجا پرویز اشرف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جس کے بعد پینل آف چیئر نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف کا بطور اسپیکر قومی اسمبلی اعلان کرتا ہوں۔ ایاز صادق نے راجا پرویز اشرف کا بحثیت اسپیکر قومی اسمبلی عہدہ کا حلف لیا۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جناب اسپیکر آپ کو میری جانب اور پورے ہاؤس کی جانب سے مبارک ہو، آپ منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اور وزارت عظمی پر بھی فائز رہے ہیں، امید کرتا ہوں آپ پورے ایوان کو ساتھ لے کر چلیں گے، میری اور ہاؤس کی دعائیں آپ کے ساتھ ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے، ملک میں 35 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ بجلی پیدا کرنے کی کیپسٹی کافی ہے، سی پیک کے نتیجے پر لگنے والے پاور پلانٹس کوئلے اور ہوا کے لگے، ایک پاور پلانٹ 2019 میں چلنا تھا 1250 میگا واٹ کا منصوبہ بند پڑا ہے، اربوں روپے کا منصوبہ بند پڑا ہے اور بجلی نہیں پیدا کر سکا، سابقہ حکومت کی اس منصوبے پر کوئی توجہ نہیں تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جو نئے پلانٹس لگے گیس نہ ہونے کی وجہ سے بند پڑے ہیں، اسی وجہ سے ملک میں لوڈ شیڈنگ ہے، اسی لیے سابقہ حکومت کو کرپٹ اور نااہل حکومت کہتے تھے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی پر ایوان میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی پر ایوان میں حملہ شرمناک ہے۔
Comments are closed.