پشاورمیں نمازجمعہ کے دوران خودکش حملہ،56 نمازی شہید،درجنوں زخمی

 پشاور: قصہ خوانی بازار میں واقع مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 56 نمازی شہید جبکہ 194 افراد زخمی ہوگئے۔

نیوز ڈپلومیسی کے مطابق پشاور کے معروف قصہ خوانی بازار کوچہ رسالدار میں واقع جامع مسجد میں دھماکے اور اس میں 56 افراد شہید اور 200 کے قریب افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قبل نامعلوم افراد کی جانب سے علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کی گئی اور اس کے بعد مسجد کے اندر دھماکا ہوگیا۔ ریسکیو، پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

 دھماکا ایک تنگ گلی میں واقع مسجد میں ہوا ہے جس کی وجہ سے ریسکیو رضاکاروں کو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا رہا۔

پولیس کی دھماکا خودکش ہونے کی تصدیق

پولیس کے ایس ایس پی آپریش ہارون رشید نے دھماکے کے خودکش حملہ ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ مسجد کے دروازے پر سیکیورٹی کے لیے دو پولیس اہلکار تعینات تھے، حملہ آور ایک تھا جس نے آتے ہی پولیس پر فائرنگ کرکے ایک اہلکار کو شہید کردیا جب کہ دوسرا اہلکار حملہ آور کو روکنے کی کوشش کے دوران زخمی ہوگیا۔

خودکش حملے میں بال بیرنگ استعمال ہوئے، تحقیقاتی ٹیم

تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے پشاور دھماکے کی ابتدائی معلومات سامنے آگئیں جن کے مطابق خودکش حملے میں پانچ کلو بارودی مواد اور بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔ ٹیم کے مطابق حملہ آور کا اسلحہ بھی جائے وقوع سے مل گیا جو کہ نائن ایم ایم پستول ہے۔

Comments are closed.