پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے سمری وزارت خزانہ کو ارسال

 اسلام آباد:عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے سمری تیار کرکے وزارت خزانہ کو ارسال کردی گئی ہے۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ اوگرا نے پڑولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ مکمل کر لی جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

وزارت پیٹرولیم کے ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا تمام ریلیف عوام کو منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم نے سمری تیار کرکے وزارت خزانہ کو بھجوادی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وزارت پیٹرولیم اور خزانہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کی تھی۔

وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیا تھا اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافے پر قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے۔

Comments are closed.