وزیراعظم عمران خان نے وزیرستان میں فوری طور پر 3جی اور 4جی انٹر نیٹ سروس بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگ ہمیشہ پاکستان کے لیے کھڑے ہوئے ہیں، کئی لوگوں نے کوشش کی کہ قبائلی علاقے صوبے میں ضم نہ ہوں، وقت ثابت کرے گا فیصلہ قبائلی علاقوں کے لئے بہترین فیصلہ تھا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ بھارت بلوچستان اور وزیرستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہاہے اور اس کے لئے موبائل فون پر انٹر نیٹ سروس کو استعمال کیا جارہا ہے۔ فوجی قیادت سے مشاورت سے فیصلہ کیا کہ آج سے وزیرستان میں 3 جی اور 4 جی سروس کھول دی جائے گی۔پسماندہ علاقوں میں اسکول اور کالج کھولیں گے، جنوبی وزیرستان میں بھی اسکول، کالج اور یونیورسٹی بنائیں گے۔ہماری سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں، اگر انہیں اچھی تعلیم و فنی تربیت دی جائے تو وہ ناصرف اپنے خاندان بلکہ ملک کو بھی معاشی لحاظ سے اوپر لے جائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ تباہی اس علاقے میں ہوئی، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ وزیرستان کی ہر طرح سے مدد کی جائے، یہاں کے نوجوانوں کو سب سے زیادہ ضرورت روزگار کی ہے۔ آئندہ سال یہاں کے نوجوانوں کو مزید قرضے دیئے جائیں گے۔
Comments are closed.