مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر عبدالقیوم نیازی نے کشمیری نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے عالمی معیار کی کرکٹ اکیڈمی بنانے اور کشمیر پریمیئر لیگ کو ریاستی لیگ کا درجہ دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور قومی سٹار شاہد آفریدی نے ملاقات کی جس میں آزاد جموں وکشمیر میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہد آفریدی کی وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کو کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کی پیشکش کی اور کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں میں بہترین ٹیلنٹ ہے، ہر وقت کشمیر کے نوجوانوں کیلئے دستیاب ہوں، کشمیر پریمیئر لیگ کی کامیابی سے دنیا میں مثبت پیغام گیا۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریارخان آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وزیراعظم آزاد کشمیر پر بھرپور اعتماد ہے، وفاق آزاد کشمیر حکومت کو تمام وسائل مہیا کرے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے شاہد آفریدی کو آزاد کشمیر آمد پر خوش آمدید کہا، شاہد آفریدی سے مکالمے کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کے آبا واجداد نے آزاد کشمیر کی آزادی کیلئے جانوں کی قربانیاں دیں، کشمیر پریمیئر لیگ کی کامیابی نے بھارت کی چیخیں نکال دیں، ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے بھارت کی چیخیں نکلیں۔ کشمیر پریمیئر لیگ سے جہاں دنیا کو مثبت پیغام گیا وہیں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو بھی اچھا تاثر ملا۔
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نےکہا کہ کھیلوں کے فروغ، کشمیری نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے عالمی معیار کی کرکٹ اکیڈمی بنانے کا فیصلہ کیا ہے متعلقہ حکام کرکٹ اکیڈمی کے قیام اور انتظامات کے حوالے سے اقدامات کریں، اس کے ساتھ ساتھ کشمیر پریمیئر لیگ کو ریاست کی قومی ٹونٹی ٹونٹی لیگ کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ آزاد کشمیر امن کا قلعہ ہے، شاہد آفریدی کی آزاد کشمیر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑی خدمات ہیں، پہلی کرکٹ اکیڈمی کا نام شاہد آفریدی رکھیں گے، کے پی ایل کی کامیابی میں شہریار آفریدی کا اہم کردار ہے، انہوں نے لیگ کے دوران بہترین سیکیورٹی پرپاک فوج، پولیس،دیگر اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
Comments are closed.