یورپی پارلیمنٹ نے مودی کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

میرپور: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مذہبی اقلیتوں پر ظلم و ستم کے خلاف یورپی پارلیمنٹ کی مذمتی قرارداد نے مودی کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔

چوہدری انوار الحق نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے ہمیشہ دھوکے اور فریب کی پالیسی کے ذریعے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ بھارت میں اقلیتوں پر بڑے پیمانے پر ظلم وتشدد دنیا کے لیے چشم کشا ہے۔ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرنے پر یورپی پارلیمنٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے یورپی ممالک پر زوردیا کہ وہ بھارت کے ساتھ تجارت کو ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری سے مشروط کریں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت ایک انتہا پسند ریاست ہے جہاں مذہبی اقلیتوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ 5اگست 2019 کے بعد بھارت نے مقبوضہ علاقے کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے جہاں لوگ شدیدخوف و ہراس اور سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ بھارتی حکومت اب مقبوضہ کشمیرکی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے میں مصروف ہے۔

چوہدری انوار الحق نے کہا کہ دنیا کومقبوضہ کشمیرکی بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کے لیے اپنااہم کردار ادا کرنا چاہیے۔

Comments are closed.