پارہ چنار: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے ناکام بنا دیئے، اپنے مذموم ایجنڈے کیلئے قوم میں تقسیم اور دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو شکست ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک افغان سرحد پر مامور فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی، پارہ چنار آمد پر آرمی چیف نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے فوج کے جذبے، عسکری تیاری اور پیشہ وارانہ معیار کو سراہا اور کہا کہ آج عید کا دن آپ کے ساتھ گزارنے کا مقصد مادر وطن کی سرحدوں کی بہادری سے حفاظت کرنے والے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اور جذبوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان اپنے آرام و سکون کو چھوڑ کر وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کا عظیم فریضہ انجام دیتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فوج کے جوان موسم کی سختیوں کو برداشت کرتے ہیں اور ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کر کے سرحدوں پر پہرہ دیتے ہیں جس پر قوم فوج کو سلام پیش کرتی ہے، عید سمیت خوشیوں کے تہوار ہوں یا کوئی غم کا موقع ہو افسر اور جوان انفرادی اور اجتماعی طور پر وطن کی حفاظت کے فرض کو ترجیح دیتے ہیں، ہم آپ کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج میں آرمی، ائیر فورس اور بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آہنی عزم کے ساتھ وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فرض نبھاتے ہیں، امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کیلئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنا دیا، اُن قوتوں کو شکست ہوئی جو اپنے مذموم ایجنڈے کیلئے قوم میں تقسیم اور دراڑ پیدا کرنا چاہتے تھے، شہدا پاکستان اور قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، اُن کی عزت و حرمت ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے، وزیر اعظم نے شہداء کی یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
Comments are closed.