وزیر اعظم نے ملک میں الیکٹرانک ووٹنگ لانےکا اعلان کردیا

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں الیکٹرانک ووٹنگ لانے کا اعلان کردیا۔وزیر اعظم نے کہاکہ چاہتا ہوں کہ اگلا الیکشن بشمول آزاد کشمیر اور سینیٹ  ایسا ہو کہ ہارنے والا ہار تسلیم کرے، اس کے لیے انتخابی اصلاحات کی ہیں۔ دو  چیزیں پارلیمنٹ سے منظور کرائیں گے جس میں سے ایک الیکٹرانک ووٹنگ ہے، اب الیکشن میں ماڈرن ٹیکنالوجی کااستعمال ہوگا، اس بارے میں الیکشن کمیشن سے بات ہورہی ہے اور ای ووٹنگ کےلیے نادرا سے ڈیٹا لیں گے۔

سرکاری ٹی وی پر قوم سے اظہار خیال کرتے ہوئےوزیر اعظم نے کہاکہ 2013 کے انتخابات میں صرف ہم نے نہیں بلکہ ن لیگ اور پی پی پی سمیت تمام جماعتوں نے دھاندلی کا الزام لگایا تھا، ہم نے ایک سال تک 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا اور اس کے بعد دھرنا دیا تھا، ہم ملک میں بہترین انتخابی اصلاحات کے خواہاں ہیں اور میں نے شفاف الیکشن کے لیے مہم چلائی تھی۔میری کوشش ہے کہ پاکستان میں الیکشن کا ایسا ماحول ہو کہ جو ہارے وہ شکست تسلیم کرے۔

وزیراعظم نے کہا  کہ سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈز (ہاتھ کھڑا کرکے ووٹنگ) کے لیے پارلیمنٹ میں آئینی ترمیم کا بل پیش کریں گے جس کے    لیے  دوتھائی  اکثریت  چاہیے ، کیونکہ خفیہ بیلٹنگ میں پیسہ چلتا ہے اور ووٹوں کی خرید و فروخت ہوتی ہے جس کا سب اعتراف کرتے ہیں، اسے روکنے کےلیے سب کے سامنے شو آف ہینڈز ہوگا، تاکہ اس عمل میں کرپشن ختم ہو، اب باقی سیاسی جماعتوں پر ہے کہ وہ اس کی حمایت کریں گی یا نہیں۔

 عمران خان کاکہنا تھاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بھی  نظام  لے کر آ رہے ہیں جس کے بعد وہ الیکشن کے عمل میں بھرپور حصہ لے سکیں گے اور ووٹ ڈال سکیں گے۔ سینیٹ الیکشن میں پیسہ خرچ ہوتا ہے، اسے شفاف بنانے کے لئے  بھی سسٹم لے کر آ رہے ہیں،

Comments are closed.