اپوزیشن کو بڑا دھچکا،وزیراعظم نے چوہدری برادران کو رام کرلیا

لاہور:وزیراعظم عمران خان نے چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی سے ملاقات کی جس میں چوہدری برداران نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ڈٹ کرساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ چوہدری برادران سے ملاقات کے لیے اُن کی رہائش گاہ پہنچے جہاں چوہدری پرویز الہی اور چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

عمران خان کے ہمراہ وفد میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزراء عبدالرزاق داؤد، فواد چوہدری، مخدوم خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر اور عامر ڈوگر شامل تھے۔

عدم اعتماد ناکام ہوئی توزمین کے نیچے دھنس جائیں گے،چوہدری برادران

ملاقات کے بعد چوہدری برادران کی جانب سے میڈیا کو جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو بتا دیا تھا عمران خان کو ہٹا نہ سکے تو وہ پہاڑ پر اور ہم زمین کے نیچے دھنس جائیں گے، چودہ سال بعد شہباز شریف کو ہمارا خیال آگیا۔

چوہدری برادران نے کہا کہ ایسی چال کا کیا فائدہ جس کی کامیابی کا کوئی چانس ہی نہ ہو۔ انہوں نے عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ عدم اعتماد کی باتیں افسانہ ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہی سیاست کریں گے۔

چوہدری برادران نے وزیراعظم کے پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو نچلی سطح تک فائدہ پہنچانے کیلئے وزیروں کی ڈیوٹی لگائیں وہ بازاروں میں قیمتوں کی کمی پر نظر رکھیں، صنعتوں کی بحالی کیلئے پیکیج کا اعلان بڑا اچھا ہے، پنجاب کی انڈسٹریل اسٹیٹس کیلئے بھی ایسے ہی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔چوہدری پرویز الہیٰ کی پنجاب میں اںڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کی تجویز کو وزیراعظم نے اچھا خیال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب پنجاب کی صنعتوں کو بھی اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔

Comments are closed.