سیدھی بات کرتا ہوں ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا ،وزیراعظم

   اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ مونس الہیٰ، عامر لیاقت، غلام بی بی بھروانہ، باسط بخاری شریک نہیں ہوئے ۔ حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے اراکین نے شرکت کی جبکہ وزیردفاع پرویز خٹک نے ارکان کو اعتماد کے ووٹ کے رولز سے متعلق بریفنگ دی۔ پرویز خٹک نے کہا کہ رولز کے مطابق وزیر اعظم کے خلاف ووٹ کرنے والا ڈی سیٹ ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے پر ارکان کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ عوام نے ارکان پارلیمنٹ کو ووٹ کی امانت دے کر ایوان میں بھیجا ہے، ارکان ضمیر کی آواز پر فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں، پیسے لے کر ووٹ دینا بدیانتی ہے ، جس کو مجھ پر اعتماد نہیں وہ کھل کر اظہار کرے ۔وزیر اعظم کا کہناتھاکہ سیدھی بات کرتا ہوں ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا ،لہذا میں اگر آپ کو مجھ پر اعتماد نہیں تو بے شک میرا ساتھ چھوڑ دیں۔ میں نے ایک مقصد لے کر سیاست شروع کی ہے، مجھے کوئی بلیک میل کر کے اپنی بات نہیں منوا سکتا۔

اجلاس میں جی ڈی اے کی جانب سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا نے کہا کہ وعدے کے مطابق پی ٹی آئی ایم پی ایز نے ہمارے سینیٹ امیدوار کو ووٹ نہیں دیا ،لہذا ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعظم اس معاملے کی تحقیقات کریں، تحفظات کے باوجود ہم ساتھ کھڑے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے جن لوگوں نے سندھ میں ووٹ بیچے ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی اجلاس کے لیے پی ٹی آئی نے حکمت عملی بھی تیار کر لی۔ارکان کو اجلاس کے وقت سے قبل پارلیمنٹ ہاوس پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ٹی آئی اور اتحادی ارکان لابی میں اکٹھے ہوں گے،تمام ارکان کو قومی اسمبلی کارڈ لازمی ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ ارکان کے اعزاز میں ناشتہ بھی دیاجائے گا۔

Comments are closed.