اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت میں ہمیشہ بلیک میل ہونا پڑتا ہے اس بار ہم اپنے لوگوں کی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے، کارکنان احتجاج کریں تاکہ امریکا جو کچھ کررہا ہے اسے پیغام جائے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ای سی نے پارلیمانی بورڈ تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق مرکزی پارلیمانی بورڈ ٹکٹوں سے متعلق پالیسی تشکیل دے گا، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے کہا کہ جلد از جلد امیدواروں اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق پالیسی بنائی جائے، اپوزیشن میدان سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے، پارٹی کے پرانے ورکرز کو ٹکٹس دینے کو ترجیح دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ مفاد پرست اور ضمیر فروشوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، مخلص اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو آگے لایا جائے گا، اتحادی حکومت میں ہمیشہ بلیک میل ہونا پڑتا ہے اس لیے اس بار ہم اپنے لوگوں کی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے۔
الیکشن میں انہیں سبق سکھائیں گے جو اس سازش کا حصہ بنے، عمران خان
دریں اثنا لاہور گورنر ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک سے حکومت گرانے کی سازش ہوئی اور یہاں کے غدار اس سازش کا حصہ بن گئے، آئندہ تین ماہ میں ملک میں الیکشن ہوگا کارکن الیکشن کی تیاری کریں، اچکن اور شیروانیاں سلوانے والوں کو شرمندگی اٹھانا پڑی، آئندہ الیکشن میں انہیں سبق سکھائیں گے جو اس سازش کا حصہ بنے ان کی سیاسی قبر بنے گی، جو ایم پی اے مشکل وقت میں ساتھ رہے انہیں ٹکٹ دیں گے، اس بار سوچ سمجھ کر نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام آزاد ہیں اور کسی کے آگے نہیں جھکتے لیکن یہ ملک دشمن اور آنے والی نسلوں کے لیے غدار ہیں جو اپنا ضمیر بیچ کر اپنے بچوں کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں، ضمیر کا سودا کرنے والوں کو صرف تاحیات نااہل ہی نہیں کرائیں گے بلکہ جیلوں میں بھی ڈالیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ لاہور کے مقامی ہوٹل میں تماشا ہورہا ہے، ارکان کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں، غداروں کے خلاف سپریم کورٹ گئے ہیں، بیرونی سازش کے خلاف کارکن ہر روز مظاہرہ کریں، ارکان کو خرید کر حکومت گرانا کون سی جمہوریت ہے؟
کارکنان احتجاج کریں تاکہ امریکا جو کچھ کررہا ہے اسے پیغام جائے
وزیراعظم نے کہا کہ اگر آج ہندوستان فیصلہ کرے کہ پاکستان میں حکومت گرانی ہے تو وہ دس پندرہ بندے خریدے اور حکومت گرادے، اس لیے پوری قوم سے کہتا ہوں کہ اس سازش کو شکست دینا اور پرامن احتجاج کرنا آپ کا حق ہے، کارکنان ہر ڈسٹرکٹ میں احتجاج ریکارڈ کرائیں تاکہ جو امریکا کرنے کی کوشش کررہا ہے اسے پیغام جائے اور جو اس کے سازشی یہاں کر رہے ہیں انہیں بھی پیغام جائے کہ ہم آزاد اور زندہ قوم ہیں، ایف نائن پارک اسلام آباد میں آج پھر احتجاج ہوگا۔
Comments are closed.