نیشنل ڈائیلاگ سے پیچھے نہیں ہٹے لیکن کرپشن معاف نہیں کرسکتے،وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نیشنل ڈائیلاگ سے پیچھے نہیں ہٹے ،سیاسی ڈائیلاگ کی بہترین جگہ پارلیمنٹ ہے۔ اپوزیشن حکومت گرانا چاہتی ہے تو عدم اعتماد کی تحریک لائیں ،اپوزیشن نے استعفے دئیے تو ہم نئے الیکشن کروا کر مزید مضبوط ہونگے ۔

سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ میں سوالات کے جوابات دینے کے لیے تیار ہوں ۔ جمہوریت تب چلے گی جب مکالمہ ہوگا۔ اپوزیشن سے بات کریں تووہ مقدمات ختم کرنے کا کہتے ہیں،مقدمات ان کے اپنے ادوارمیں درج کیے گئے۔ ہر ایشو پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ہم کسی بھی صورت میں این آر او پر بات نہیں کریں گے،کرپشن مقدمات معاف نہیں کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی جیت ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمیں ہر شعبے میں تاریخی خسارہ ملا۔یہ ملک کو مقروض اور بینک کرپٹ کرکے چھوڑ گئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت دو بڑے ڈیم اور دو نئے شہر بن رہے ہیں،سب سے زیادہ خوشی عوام کو صحت انصاف کارڈ دینے کی ہے۔ پنجاب اورخیبرپختوانخوا کے ہرشہری کو ہیلتھ انشورنس دیں گے۔وزیر اعظم نے کہاکہ یہ گیارہ جماعتیں مل کر بھی پاکستان تحریک انصاف جتنے بڑے جلسے نہیں کر سکتیں۔ حکومت کو گھر بھیجنے کا آئینی طریقہ تحریک عدم اعتماد ہے۔ اپوزیشن حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنا چاہتی ہے تو اسمبلی میں آجائے۔

Comments are closed.