اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ سیاستدانوں کا سینیٹ کے ووٹ خریدنے اور بیچنے کا فعل شرمناک ہے ،ویڈیو ظاہر کرتی ہے کہ سابق حکمرانوں نے کس طرح قوم کو اخلاقی طور پرمکمل تباہ کیا۔ ہم کرپشن اور منی لانڈرنگ کے اس سلسلے کو ہرصورت روکیں گے ۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلا س ہوا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اسدعمر،شہزاد اکبر اور شوکت یوسفزئی نے شرکاء کو بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جو ضمیر فروش ووٹ بیچے گا وہ عوام کا کیوں سوچے گا،کرپشن سے اقتدار میں آنے والا کرپشن ہی کرے گا، پیسے کے زور پر سینیٹ میں آنے والے کی ترجیح عوام کی نہیں اپنی فلاح ہوتی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے 2018 کے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ویڈیو میں سیاستدانوں کا سینیٹ کے ووٹ خریدنے اور بیچنے کا شرمناک فعل نظر آرہا ہے ،ویڈیو ظاہر کرتی ہے کہ سابق حکمرانوں نے کس طرح قوم کو اخلاقی طور پر مکمل تباہ کیا ،قوم کو اسی حکمران طبقے نے قرضوں میں ڈبو دیا ۔
وزیر اعظم نے کہاکہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کا سلسلہ ہماری سیاسی اشرافیہ کی شرمناک داستان ہے ،یہ اشرافیہ اقتدار کے لیے پیسہ خرچ کرتی ہے اور پھر اسی اقتدار کو پیسہ بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں ،یہ لوگ اسی پیسے سے بیوروکریٹس ،میڈیا اورپالیسی سازوں کو اپنی دولت بچانے کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔پی ڈی ایم اسی لیے اس بدعنوانی کے نظام کی حمایت کررہی ہے ۔ ہم کرپشن اور منی لانڈرنگ کے اس سلسلہ کو ہرصورت روکیں گے ۔
Comments are closed.