پاکستان اور ترکی کا اسرائیلی مظالم رکوانے، مسئلہ فلسطین کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

ترک صدر رجب طیب اردگان اور وزیراعظم عمران خان نے فلسطین پر اسرائیلی مظالم رکوانے اور مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے، ترکی اور پاکستان کے وزرائے خارجہ مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھائیں گے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا اور ماہ رمضان میں مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے کی پرزور مذمت کی۔

دونوں رہنما کا کہنا تھا کہ غزہ میں عبادت میں مصروف مسلمانوں پر اسرائیلی فورسز کا حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان اور ترکی مسئلہ فلسطین کے لیے مل کر کام کریں گے اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ مشترکہ کوششیں کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردگان نے علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، عمران خان نے مسئلہ فلسطین کے معاملے پر ترکی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ افغان امن عمل اور غیرملکی افواج کے افغانستان سے انخلا کیلئے ترکی کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ عمران خان نے افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کے حل کیلئے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد بھی دی۔

Comments are closed.