افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورت حال کے تناظر میں وزیراعظم عمران اور عالمی رہنماؤں کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم نے آج سعودی عرب اور ابوظہبی کے ولی عہد سے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان سمیت خطے کے مفاد میں ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا ہ صرف جامع سیاسی تصفیہ کے ذریعے ہی افغانستان کے لوگوں کو تحفظ اور امن فراہم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی معاشی مدد اور تعمیر نو میں کردار ادا کرنا چاہییے، افغانستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ایکسپو 2020ء کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر ابوظہبی کے ولی عہد کو مبارک باد پیش کی، انہوں نے ایکسپو 2020ء کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی تعلقات، خطے کے بدلتے منظر نامے پر بات چیت کیا، وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد نے افغانستان کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
Comments are closed.