اندرونی و بیرونی خطرات سے چوکنا ہیں دہشتگردی کو دوبارہ نہیں بڑھنے دینگے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے اندرونی و بیرونی خطرات سے چوکنا ہیں دہشتگردی کی لعنت کو دوبارہ نہیں بڑھنے دیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں گزشتہ رات ہونے والے دھماکے کی سخت مذمت کی، ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے میں بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جس پر بہت غمزدہ ہوں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں، ہم اسے (دہشتگردی) کو دوبارہ بڑھنے نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم تمام داخلی اور بیرونی خطرات کے خلاف چوکنا ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان رات گئے تک کوئٹہ دہشتگردی کے بعد معاملات کی خود نگرانی کرتے رہے، انہوں نے وزارت داخلہ کو واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کر کے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی ہدایت کی۔

Comments are closed.