وزیراعظم عمران خان کا اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ ازبکستان کا دورہ

وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر ازبکستان پہنچ گئے،  ازبک ہم منصب عبداللہ ایپری نے تاشقند پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم عمران خان کو دورے کی دعوت ازبک صدر شوکت مرزیوف نے دی تھی، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزرا فواد حسین چوہدری، شیخ رشید احمد، علی حیدر زیدی سمیت کابینہ کے دیگر ارکان اوراعلی سرکاری حکام پرمشتمل اعلی سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، پاکستان کے اہم کاروباری افراد پرمشتمل گروپ بھی ازبکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان اور ازبک صدر شوکت مرزیوف کے درمیان ملاقات کے دوران تجارتی و اقتصادی تعاون اور رابطوں اور علاقائی و بین الاقوامی دلچسپی کے معاملات سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کو زیر بحث لایا جائے گا، اس موقع پر مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

وزیراعظم عمران خان پہلے پاک۔ازبک بزنس فورم سے خطاب کرینگے جبکہ فورم میں اہم پاکستانی و ازبک کاروباری افراد شرکت کرینگے۔ ازبک صدر کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان ”وسطی اور جنوبی ایشیا رابطوں”کےحوالے سےبین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں وسطی و جنوبی ایشیا اور دیگر اہم ممالک کے وزرا،بین الاقوامی تنظیموں،مالیاتی اداروں، تھنک ٹینکس کے نمائندے اورسکالرز شریک ہوں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان ”نیا پاکستان”کے اپنے وژن، علاقائی و بین الاقوامی سطح پر امن و سلامتی میں پاکستان کے مثبت کردار اور جیو۔پالیٹکس سے جیو۔ اکانومی کی طرف منتقلی کو اجاگر کریں گے۔

Comments are closed.