وزیراعظم کا وفاقی وزراء، عسکری قیادت کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، اہم اجلاس

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء اور اعلیٰ عسکری قیادت کے ہمراہ حساس ادارے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں پر اعلیٰ سیاسی و فوجی قیادت کو ملکی اور علاقائی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم آفس کی جانب جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے انٹرسروسز انٹیلی کے ڈائریکٹورٹ کا دورہ کیا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق چیف آف ائیرسٹاف ائیرچیف مارشل مجاہد انورخان، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ساحرشمشاد مرزا نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آئی ایس آئی آمد پر وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی و عسکری قیادت کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں اعلی سطح کا اجلاس بھی ہوا۔ جس میں اعلیٰ قومی اور عسکری قیادت کو علاقائی اور ملکی سلامتی سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لئے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

Comments are closed.