وزیراعظم عمران خان نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ ٹو کا افتتاح کر دیا جس سے 1100 میگاواٹ بجلی میسر ہوگی۔
کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 2 کی افتتاحی تقریب کراچی اور بیجنگ میں ہوئی وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔ کے ٹو نیوکلیئر پاورپلانٹ جدید ترین نوعیت کا تھرڈ جنریشن نیوکلیئر پلانٹ ہے جو حفاظت کے جدید ترین انتظامات سے آراستہ ہے۔
اس پلانٹ میں اندرونی اور بیرونی حادثات کی روک تھام اور ہنگامی ردِعمل کی شاندار صلاحیت ہے،اس پلانٹ کی آپریشنل مدت 60 سال ہے جسے 20 سال تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے زیرانتظام 6 نیوکلیئر پاور پلانٹس چل رہے ہیں جن میں سے 2 کراچی میں جبکہ دیگر 4 پلانٹ ضلع میانوالی میں چشمہ کے مقام پر واقع ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں ایٹمی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 1400 میگاواٹ تک ہے اور کے ٹو کے افتتاح کے بعد مزید 1100 میگاواٹ اضافے سے یہ تقریبا دُوگنا ہو کر 2500 میگا واٹ تک پہنچ جائے گی۔ جس سے ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
Comments are closed.