اسلام آباد: کفرٹوٹا خداخدا کرکے۔۔۔ پشاوربی آرٹی منصوبہ بالاخرمکمل ہوگیا، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے رواں ہفتے 13 اگست کو بس ریپڈ ٹرانزٹ ( بی آر ٹی) پشاور منصوبے کا افتتاح متوقع ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ صوبائی حکومت کے دور میں شروع ہونے والا بی آر ٹی پشاور منصوبہ مکمل ہو گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو 13 اگست کو بی آر ٹی پشاور منصوبے کے افتتاح کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان کو بی آر ٹی پشاور سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم آفس کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بی آر ٹی منصوبے کے افتتاح کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کیا جانا ہے۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ صوبائی حکومت نے شروع کیا تھا تاہم مبینہ موثر حکمت عملی کے فقدان اور مبینہ بدانتظامیوں کے باعث منصوبے کی تکمیل میں غیر معمولی تاخیر ہوئی جس پر حکمران جماعت کو کافی تنقید کا سامنا تھا۔
بی آر ٹی میں مجموعی طور پر 220 ایئرکنڈیشنڈ چھوٹی بڑی بسیں چلیں گی۔ اس کا رستہ شاہراہ حیات آباد کارخانو مارکیٹ سے چمکنی تک بنا ہوا ہے جس کے درمیان 31 سٹاپ آتے ہیں، لہذا پہلی منزل سے آخری منزل تک کا فاصلہ ایک گھنٹے میں طے ہوگا۔
Comments are closed.