ملازمین،تھانیدارکی نہیں،ملک وزیراعظم ،وزراء کی کرپشن سےتباہ ہوتےہیں،وزیراعظم

 غازی بروتھا:وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں سیاستدانوں کو خریدنے کیلیے منڈی لگی ہوئی ہے۔ماضی میں کرپٹ لوگوں نے صرف پیسہ چوری نہیں کیا بلکہ ملک کی اخلاقیات بھی تباہ کردیں، فضا بنادی گئی ہے کہ کرپشن کوئی بری چیز نہیں، یہ چیز کرپشن سے زیادہ خطرناک ہے، پٹواریوں، سرکاری ملازمین اور تھانے داروں کی کرپشن اور رشوت خوری سے عوام پریشان ضرور ہوتے ہیں لیکن اس سے ملک تباہ نہیں ہوتا بلکہ ملک تباہ تب ہوتا ہے جب اس کا وزیراعظم اور وزرا کرپشن کرنا شروع کردیں۔

غازی بروتھا میں شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف خود بھی باہر، بچے، منشی اسحاق ڈار اور داماد بھی باہر شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں، اسحاق ڈار کو دیکھیں تو لگتا ہے باپ کی سائیکل کی دکان نہیں بلکہ مے فیئر میں رولز رائس کی دکان تھی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کا تماشا دیکھ رہے ہیں، منڈی لگی ہے، سینیٹر بننے کے لیے سیاست دانوں کو خریدنے کےلیے قیمتیں لگ رہی ہیں، 30 سال سے یہ ہورہا ہے اور سب کو پتہ ہے، جب ہم کہتے ہیں کہ سیاسی جماعت کا رکن اسمبلی بتائے کسے ووٹ دے رہا ہے تو اپوزیشن جماعتیں کہتی ہیں اوپن نہیں خفیہ ووٹ دو، حالانکہ پہلے یہ سب خود کہتے تھے کہ اوپن بیلٹ ہونا چاہیے تو پھر ان میں یہ تبدیلی کیسے آئی ہے؟۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دراصل اپوزیشن ہمیں گرانے میں ہر جگہ ناکام رہی، اب یہ سوچ رہے ہیں کہ سینیٹ الیکشن میں ہمارے لوگوں کو خرید کر کسی طرح اپنے زیادہ سینیٹر لے آئیں، یہ کون سی جمہوریت ہے، گزشتہ سینیٹ الیکشن میں خیبر پختونخواہ سے پی پی پی کے دو سینیٹرز پیسہ چلاکر آگئے، یہ قوم فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے، ایک طرف عوام ہے دوسری طرف ڈاکو اور ان کا مافیا ہے، انشاء اللہ جیت پاکستان کی ہوگی۔

Comments are closed.