وزیر اعظم کامعاشی ماہرین کو چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارشات کی تیاری کاحکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ماہرین کو چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پرسفارشات کی تیاری کاحکم دے دیا۔ قومی معاشی کونسل تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے بھی جامع تجاویز مرتب کی جائیں اور رمضان بازار وں کی مانیٹرنگ سخت کی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔وزیراعظم نے معاشی ماہرین کو ہنگامی بنیادوں پرسفارشات کی تیاری کاحکم دے دیا،قومی معاشی کونسل تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیاہے جو غیرجانبدار اور ممتاز معاشی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تجاویز زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، بینکنگ سیکٹر اورتاجربرادری سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی آراء کی روشنی میں مرتب کی جائیں گی ۔ اس مقصد کے حصول کے لیے آئندہ چند دنوں میں ایک کانفرنس منعقد کروائی جائے گی ۔ سیکریٹری خزانہ نے معاشی صورتحال، وصولیوں، بجٹ خساروں، داخلی اور بیرونی قرض کی صورتحال سمیت مجموعی قومی بیلنس شیٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ معاشی صورتحال اور سنگین مالی خطرات کو دیکھتے ہوئے فوری، وسط اور طویل المدتی اہداف کا تعین کیاجائے ۔ مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے بھی جامع تجاویز مرتب کی جائیں اور رمضان بازار وں کی مانیٹرنگ سخت کی جائے ۔ وزیر اعظم نے و اضح کیا کہ قومی اور عوامی مفادات کے درمیان بہترین توازن کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا۔

Comments are closed.