ہم انہیں ایسی شکست دیں گے یہ 2028 تک اٹھ نہیں سکیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ مزید تگڑی ہو کر آئے گی، یہ اپوزیشن کی آخری واردات ہوگی ،ہم انہیں ایسی شکست دیں گے کہ یہ 2028 تک اٹھ نہیں سکیں گے۔ جو وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں صرف انہیں عثمان بزدار بُرا لگتا ہے۔ فوج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت کہیں نہیں جارہی، مزید تگڑی ہوکر آئے گی،خوش ہوں یہ اپوزیشن کی آخری واردات ہوگی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم انہیں ایسی شکست دیں گے کہ یہ 2028 تک نہیں اٹھ سکیں گے، اپوزیشن کے پیچھے ایک نہیں کئی بیرونی ہاتھ ہیں ۔ اپوزیشن کے خلاف ہماری حکمت عملی تیار ہے، کپتان ایک دم اپنی حکمت عملی نہیں بتاتا ۔ اس وقت مائنڈ گیم چل رہی ہے اور میں مائنڈ گیم کھیلنے میں ماسٹر ہوں، جہانگیر ترین کو جانتا ہوں وہ کبھی چوروں کے ساتھ نہیں ملیں گے، اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی تو پھر ممکن ہے امریکا آئی ایم ایف کے ذریعے ہم پر دباؤ ڈالے۔

 وزیراعظم نے الزام عائد کیاکہ اراکین قومی اسمبلی کو 18، 18 کروڑ کی پیشکش کی جارہی ہیں، اپنے ارکان سے کہا ہے ان سے پیسے لیں اور غریبوں میں بانٹ دیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہٹائے جانے کی اطلاعات پر وزیر اعظم نے کہا کہ عثمان بزدار ایک آسان ٹارگٹ ہیں، جو وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں صرف انہیں عثمان بزدار بُرا لگتا ہے۔ فوج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، وہ کبھی ان چوروں کا ساتھ نہیں دے گی، آرمی چیف کی توسیع سے متعلق وزیر اعظم کاکہنا تھاکہ نومبر بہت دور ہے، جب وقت آئے گا تو فیصلہ کریں گے۔وزیراعظم نے واضح کیاکہ میں امریکا کا مخالف ہوں نہ بھارت کا ،صرف ان کی حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتا ہوں، جو لوگ آزاد خارجہ پالیسی نہیں دیکھنا چاہتے وہ اپوزیشن کو سپورٹ کرتے ہیں۔

وزیراعظم کی زیرصدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس

وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اورتحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیاگیا۔پی ٹی آئی اراکین اسمبلی اوراتحادی جماعتوں سے رابطوں پر بریفنگ دی گئی ۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک عدم اعتماد سے خوفزدہ نہیں،اپوزیشن کو ناکامی ہوگی،وزیراعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنا آسان نہیں، عثمان بزدار نے بطور وزیر اعلیٰ جتنا کام کیا ، کوئی اور نہیں کر سکا، عثمان بزدار میڈیا فرینڈلی نہیں جس کا انہیں نقصان ہوتا ہے،عثمان بزدار رابطوں کی وجہ سے اراکین صوبائی اسمبلی میں بھی پاپولر ہیں،عثمان بزدار سے مسئلہ انہیں ہے جو وزارت اعلیٰ کے امیدوارہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان سے اراکینِ قومی اسمبلی، فضل محمد خان، محمد افضل خان ڈھانڈلہ، غلام محمد لالی، امجد خان نیازی، مخدوم سمیع الحسن، یعقوب شیخ، ساجدہ ذوالفقار اور عندلیب عباس نے بھی ملاقاتیں کیں اورموجودہ سیاسی صورتحال اور اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم سے اٹارنی جنرل نےبھی ملاقات کی جس میں قانونی امور پرمشاورت کی گئی۔

Comments are closed.