پی ڈی ایم ختم ہوچکی،ہمیں پھنسانے والےخود پھنس گئے،وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی ، اپوزیشن نے جلسوں پر پورا زور لگا کر دیکھ لیا ،عوام انکے ساتھ نہیں۔یہ الیکشن کمیشن میں ہمیں پھنسانا چاہتے تھے، خود پھنس گئے۔براڈشیٹ کے علاوہ سرے محل اور حدیبیہ پیپرملز کیس کی بھی مکمل تحقیقات ہونگی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی و اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔پارلیمانی پارٹی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ آپ بے فکر رہیں، اپوزیشن ہمارے لیے کوئی مسلہ نہیں۔ برادشیٹ معاملے پر کمیشن بنا دیا ہے،براڈشیٹ کے علاوہ سرے محل اور حدیبیہ پیپرملز کیس کی بھی مکمل تحقیقات ہونگی۔

 وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہاکہ آئندہ سال سے ارکان پارلیمنٹ کو 50 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے جائیں گے،پارلیمانی پارٹی اجلاس میں جہانگیر ترین کا بھی تذکرہ ہوا۔راجہ ریاض بولےجہانگیر ترین کی پارٹی کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پنجاب سے سینیٹ انتخابات ٹکٹ کمیٹی کا چیئرمین جہانگیر ترین کو بنایا جائے۔

ارکان قومی اسمبلی نے ملکی قرضوں سے متعلق سوالات کیے تو اسد عمر نے بتایا11 ہزار ارب کے قرضوں میں سے 6 ہزار ارب قرضوں اور سود کی واپسی میں صرف کیے ۔روپے کی قدر گرنے سے قرضوں میں 3 ہزار ارب روپے کااضافہ ہوا۔پارٹی رکن نور عالم خان نے کہاتمام وزراء کا احتساب ہونا چاہیے، وزیراعظم کے مشیر وزیر سبز باغ دکھارہے ہیں،وزیراعظم صاحب ٹیکنوکریٹ چلے جائیں گے ہم ذلیل ہوجائیں گے،میری باتیں بُری لگیں گی لیکن پارٹی سے مخلص ہو اس لیے صاف باتیں کررہا۔

 رکن قومی اسمبلی نجیب ہاورون نے بتایاکہ 2023 تک کچھ نہیں ہوگا، کے فور منصوبہ مکمل ہوگا نہ نالے صاف ہوں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ نجیب ہارون آپ تو ہمیں اندھیرا دکھا رہے ہیں۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں تاخیر پر وزیر اعظم نے کہاکہ کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔

Comments are closed.