سانحہ ساہیوال:  متاثرہ بچوں کی حالت دیکھ کر صدمے میں ہوں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ ساہیوال واقعے سے متاثرہ بچوں کو سکتے میں بیٹھا دیکھ کر صدمے کی کیفیت میں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال واقعے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساہیوال میں بچوں کے سامنے ان کے والدین کو گولیاں مارنے کے واقعہ پر ابھی تک صدمے میں ہیں، ان بچوں نے اپنے والدین کو آنکھوں کے سامنے گولیوں کا نشانہ بنتے دیکھا، ریاست ان بچوں کی مکمل دیکھ بھال کی ذمہ داری پوری کرے گی، واقعہ دیکھ کر تمام والدین کو اپنے بچوں کا خیال آجاتا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کردار ادا کیا، لیکن ہر کوئی قانون کے سامنے جوابدہ ہے، جے آئی ٹی رپورٹ آنے پر فوری کارروائی کی جائے گی اور سخت ایکشن لیا جائے گا، تمام شہریوں کی حفاظت حکومت کی ترجیح ہے۔

 گزشتہ روز ساہیوال میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی ٹیم نے مشکوک مقابلے میں 4 افراد کو قتل کردیا تھا جن میں خاتون، ان کا شوہر، کم عمر بیٹی اور ڈرائیور شامل تھا۔ سی ٹی ڈی نے تمام افراد کو مارنے کے بعد انہیں داعش کا دہشت گرد قرار دے دیا۔

Comments are closed.