رحیم یارخان میں مندرجلانے کاواقعہ،وزیراعظم کی مذمت،سپریم کورٹ کا ازخود نوٹس

اسلام آباد: رحیم یار خان میں مندر کو جلانے کا واقعہ ، وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ مندر کو بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی ازخود نوٹس لے لیا۔ کیس کی سماعت آج ہوگی۔

وزیر ا عظم عمران خان نے کہاہے کہ انہوں نے پہلے ہی آئی جی پنجاب کو تمام ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات دے رکھے ہیں، پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت کے خلاف کارروائی کی جائے۔ سپریم کورٹ نے بھی  از خود نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجابی کو تحریری رپورٹ کے ہمراہ  آج پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔ عدالت  نے پیٹرن ان چیف ہندو کونسل اور اقلیتی رہنما رمیش کمار کوبھی طلب کرلیاگیاہے ۔

ڈاکٹر شعیب سڈل کی سربراہی میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے قائم خصوصی کمیشن نے بھی مندر پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔کمیشن نے مندر اور ہندو برداری کے گھر پر پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات کر دی ہے۔ شعیب سڈل نے کہاکہ واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

رہنما پیپلز پارٹی اور رکن قومی اسمبلی رمیش لال نے بھی اپنے بیان میں کہاہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت مندر پر حملے کے واقعے کا نوٹس لے ۔ آئین پاکستان اقلیتوں کی مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے ۔ایسے شرپسندوں کو قانون کی سخت گرفت میں لایا جائے جو ملک کی ساکھ متاثر کر رہے ہیں۔اپوزیشن کے ہندو اراکین کھیل داس کوہستانی، رمیش لال، ڈاکٹر درشن اورڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے بھی واقعے پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس جمع کروا دیا ہے۔ اراکین نے کہا قومی اسمبلی اجلاس میں معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایاجائے گا۔

Comments are closed.