وزیراعظم کا کراچی میں معصوم بچی اور موٹروے پرخاتون سے جنسی زیادتی کے واقعات کا نوٹس

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں معصوم بچی مروہ کو جنسی ہوس کا نشانہ بنا کر قتل جبکہ لاہور موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے افسوس ناک واقعات کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ملاقات کی جس میں سیاسی اور ملکی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ فیصل واوڈا نے کراچی میں معصوم بچی مروا سے جنسی زیادتی و قتل کیے جانے اور گزشتہ رات موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعات کا معاملہ اٹھایا۔

وزیراعظم عمران خان نے دونوں واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات انتہائی شرمناک ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا ہے۔

فیصل واوڈا نے وزیراعظم سے زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کا قانون لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنسی درندگی کرنے والے افراد کو پھانسی دے کر عبرت کا نشان بنائیں۔ جس پر وزیراعظم نے مجرمان کو سخت سزائیں دلوانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹروے پر انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں گوجرانوالہ کی رہائشی خاتون کی کار کا رستے میں پٹرول ختم ہوگیا اور وہ مدد کے لیے کھڑی ہوئیں تو دو مشکوک افراد خاتون کی جانب آئے اور گن پوائنٹ پر ان سے زیادتی کی۔ ڈاکوؤں نے خاتون سے ایک لاکھ روپے نقدی، دو تولے طلائی زیورات، ایک عدد برسلیٹ، گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ اور 3 اے ٹی ایم کارڈز بھی چھین کر فرار ہوگئے۔

دوسری کراچی کے علاقے عیسٰی نگری میں 5 سالہ بچی مروہ کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔ ان دونوں واقعات نے معاشرے اور معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور شہریوں کی طرف سے زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

Comments are closed.