اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان اور پرویز خٹک پہلی بار آمنے سامنے ، وزیر دفاع پا رلیمانی پارٹی اجلاس میں پھٹ پڑے ۔ وزیر اعظم سے کہا، آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ، اگر آپکا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔ وزیر اعظم بولے ،،پرویز خٹک مجھے بلیک میل مت کرو، ووٹ نہیں دینا تو مت دو، مجھے کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا۔ ایک موقع پر تو وزیر اعظم اجلاس چھوڑ جانے لگے تھے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں 144 سے زائد ا راکین قومی اسمبلی نے شرکت کی۔وزیر دفاع پرویز خٹک نے خیبر پختونخواہ میں گیس بحران کولیکر وزیر اعظم پر سخت تنقید کی ۔
آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں، وزیر اعظم
پرویز خٹک نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس، بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پس بھی ہم رہے ہیں، آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ، اگر آپکا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔وزیر اعظم نے بھی دوٹوک بتادیا،اگر آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔ پرویز خٹک نے کہاکہ میں ووٹ نہیں ڈالتا، میں اجلاس سے جا رہا ہوں۔ اس پر وزیر اعظم سخت غصے میں آگئے اور کہا، پرویز خٹک مجھے بلیک میل مت کرو، ووٹ نہیں دینا تو مت دو، میرے کوئی کارخانے نہیں ہیں، مجھے کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا،میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں ، مجھے حکومت کا کوئی شوق نہیں ۔ پرویز خٹک نے شوکت ترین اور حماد اظہر پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حماد اظہر کو گیس اور بجلی مسائل کا علم ہی نہیں، شوکت ترین مجھے کابینہ میں بھی مطمئن نہیں کر سکے ،آپ نے غیر منتخب لوگوں کو آس پاس بٹھایا ہوا ہے۔ اس کے بعد پرویز خٹک اجلاس چھوڑ کر چلے گئے ۔
اجلاس ختم ہونے کے بعد وزیراعظم نے پرویز خٹک کو اپنے چیمبر میں بلایا اور ان سے بات چیت کی ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہاکہ میں تو اجلاس سے ا ٹھ کر سگریٹ پینے باہر گیا تھا، ہمارے صوبے میں گیس کا مسلہ ہے ،میں نے کہاکہ ہماری گیس کی اسکیمیں نہ روکی جائیں۔ وزیر اعظم عمرا ن خان ہی میرے لیڈر ہیں۔
اجلاس میں رکن اسمبلی نور عالم نے بھی سخت سوالات کیے اور کہاکہ کیا اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے سلامتی ادارے متاثر نہیں ہوں گے؟ کیا ہم سلامتی اداروں کے اکاونٹ کی تفصیلات بھی آئی ایم ایف کو دیں گے؟وزیر اعظم نے کہاکہ ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، سلامتی اداروں کا تحفظ پہلی ترجیح ہے۔ایم کیو ایم نے مطالبہ کیاکہ بنیادی اشیاء ضروریہ پر ٹیکس نہ لگائیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ایسا اضافی ٹیکس نہیں لگائیں گے جس سے عوام پر بوجھ پڑے۔ دوسری جانب وزیر اعظم سے ملاقات نہ ہونے پر چوہدری شجاعت کے بیٹے چوہدری سالک حسین ناراض ہوکر چیمبر سے واپس چلے گئے ۔
Comments are closed.