دہشتگردی کیخلاف لڑنے والے اداروں کو حکومت نے سیاسی جنگ میں لگا دیاہے، احسن اقبال

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو تو ضمانت مل گئی لیکن آئی جی سندھ کو ضمانت کون دے گا؟ شاہد خاقان عباسی

 سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے گرفتاریوں کے سیزن ٹو کی پیش گوئی کر دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ جن اداروں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے لڑنا تھا انہیں حکومت نے سیاسی جنگ میں لگا دیا ہے۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی کیس میں غیر ملکی ملزمان غیر حاضر اور نارووال سپورٹس سٹی کرپشن کیس میں نیب ریفرنس دائر نہ ہوسکا جس کے باعث سماعت بغیر کاروائی ملتوی کر دی گئی، مقدمات میں نامزد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال عدالت کے رو برو پیش ہوئے۔

عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک کو دبانے کیلئے گرفتاریوں کے سیزن ٹو کی پیش گوئی کی اور کہا کہ گرفتاریوں کے سیزن ٹو کے لئے بھی تیار ہیں۔عمران خان کے وزراء بار بار قومی اداروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں، کبھی عدلیہ تو کبھی مسلح افواج کو سامنے کرتے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے یہ گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے۔ تمام اداروں کو جھونک دیا گیا کہ کشمیر بھول جائیں ن لیگ کیخلاف کارروائی کریں۔ جن اداروں نے دہشتگردی سے لڑنا تھا انہیں سیاسی جنگ میں لگا دیا گیا۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کی بہادری پر کسی کو شک نہیں ہے لیکن مسلح افواج کی پشت پر قومی یکجہتی اور مضبوط معیشت نہ ہو تو بہادری اکیلے کچھ نہیں کر سکتی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بولے ڈھائی سال سے ہمارے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہیں، ابھی تک حکومت اور نیب فیصلہ نہیں کر سکے ہمارے خلاف کیس کیا ہے۔ جس عدالت میں ارشد ملک جج تھا وہاں انصاف کی کیا توقع رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کیپٹن (ر) صفدر کو تو ضمانت مل گئی تاہم آئی جی سندھ کو ضمانت کون دے گا؟ آج مسئلہ ہمارے کیسز، آئی جی کو اٹھانے یا کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا نہیں، آج مسئلہ مہنگائی ہے۔

Comments are closed.