ملک چار باوردی صدربھگت چکا،یہ ڈرامہ اب نہیں چلے گا، پیپلزپارٹی

رپورٹ: سردارعمران اعظم

 اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہاہے کہ صدارتی نظام کی بحث بھونڈا مذاق ہے، عمران خان ناکام ہوگیا تو کیا نظام بھی ناکام ہوگیا ہے ؟ کیا صرف عمران خان کی ناکامی کو نظام کے ساتھ نتھی کیا جائے گا۔ 1973 کا آئین متفقہ ہے ، صدارتی نظام کی آئین میں کوئی گنجائش ہے نہ کسی کو تجربہ کرنے دینگے۔

 شازیہ مری نے کہاکہ اگر کسی کو شوق ہے تو پارلیمنٹ میں آکر اس معاملے کو زیر بحث لائیں، اب یہ ڈرامے نہیں چلیں گے، ملک وردی کے چارصدوربھگت چکا ہے،ڈکٹیٹر ضیاء نے جو کچھ کیا اسے تین نسلیں بھگت رہی ہیں، مان لیں عمران خان نااہل ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ‏پاکستان میں صرف جمہوری، پارلیمانی نظام چل سکتا ہے،‏اس حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، عمران خان ایک ناتجربہ کار سیاستدان ہے اور‏ ملک کبھی بھی تجربات سے نہیں چلتا جبکہ ‏پاکستان کو حکومت کے تجربات سے نقصان ہورہاہے۔

 سانحہ مری کے حوالے سے رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہاکہ اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کی جائے ، وزیر ا علیٰ پنجاب واقعے کی رپورٹ مسکراتے ہوئے ایسے وصول کر رہے ہیں جیسے کوئی کارکردگی ایوارڈ وصول کر رہے ہیں، مری میں ہر سال برفباری ہوتی لیکن اس سال ایسا کیا ہوا کہ 22 افراد جان سے گئے ۔ اس رپورٹ سے متاثرین کو انصاف ملنا ممکن نہیں۔ ہم اس رپورٹ اور  سوشل میڈیاپر چلنے اس کی تصویر کو رد کرتے ہیں۔

 لاہور میں دہشتگردی کے واقعے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر پیپلزپارٹی رہنما کا کہنا تھاکہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات بڑے خطرے کی علامات ہیں ‏، ملک میں دہشتگردی ایک بڑا مسئلہ ہے، پارلیمنٹ میں اس پربحث ہونی چاہیے۔ نیشنل سکیورٹی پالیسی جب تک پارلیمنٹ میں پیش نہیں ہوگی حمایت یا مخالفت نہیں کرسکتے ۔ اسی خفیہ پالیسی کا نتیجہ ہے کہ آج بھی ملک دہشت گردی کا شکار ہے ۔ ‏تحریک انصاف حکومت کو مزید رکھاگیا تو مسائل پیداہوں گے، ‏وقت آگیاہے کہ نالائق حکومت کو گھر بھیجا جائے۔

Comments are closed.