صدرمملکت عارف علویٰ کا چیف جسٹس پاکستان کے نام خط،جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست

 اسلام آباد:صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس پاکستان سے حکومت کی تبدیلی اور مبینہ سازش کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست کر دی ۔ صدر مملکت نے کہاہے کہ تمام اداروں کا فرض ہے کہ ملک کو مزید نقصان اور بگاڑ سے بچانے کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔ پاکستانی عوام قومی اہمیت کے اس معاملے پر وضاحت کی مستحق ہے۔

صدرمملکت عارف علوی نے چیف جسٹس پاکستان کے نام خط لکھا ہے جس میں کہا گیاہے کہ حکومت کی تبدیلی اور سازش کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن  قائم کیاجائے ۔ صدر مملکت نے کہا ہے کہ حالیہ واقعات کے تناظر میں پاکستان کے عوام میں بڑی سیاسی تفریق پیدا ہورہی ہے، سپریم کورٹ نے ماضی میں قومی سلامتی، سالمیت، خودمختاری اور مفاد عامہ کے معاملات میں عدالتی کمیشن تشکیل دئیے۔حکومت تبدیلی کی مبینہ سازش کی تحقیقات اور سماعت کیلئے جوڈیشل کمیشن کی سربراہی چیف جسٹس خود کریں۔

صدر مملکت نے کہاہے کہ میری رائے میں ریکارڈ شدہ حالات و واقعات پر مبنی شواہد نتائج کی طرف لے جا سکتے ہیں، درخواست ہے کہ جوڈیشل کمیشن مبینہ سازش کے معاملے کی مکمل تحقیقات کرے۔ قوم سپریم کورٹ کا احترام کرتی ہے اور آپ سے توقعات پر پورا اترنے کی امید کرتی ہے، پاکستانی عوام قومی اہمیت کے اس معاملے پر وضاحت کی مستحق ہے۔

Comments are closed.