صدرمملکت نے گورنر پنجاب کی تقرری سے متعلق وزیراعظم کو جواب دےدیا

  اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب کی تقرری سے متعلق وزیراعظم کو جواب بھجوا دیا،صدر نے واضح کردیا کہ عمرسرفراز چیمہ اب بھی گورنرکے عہدے پر فائز ہیں،نئی تقرری کا کوئی جوازنہیں۔ وزیر اعظم نئے گورنر پنجاب کی تقرری کی ایڈوائس پر نظر ثانی کریں۔آئین کے آرٹیکل 101 دو کے تحت گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا۔

صدر مملکت نے جواب میں کہاکہ موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں، گورنر پنجاب کے خط اور رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب میں اراکین ِپنجاب اسمبلی کی وفاداریاں بدلی گئیں ،پنجاب میں غیر قانونی طریقے سے اکثریت حاصل کرکے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کی گئی،غیر قانونی اقدامات سے پنجاب میں گورننس کے سنگین مسائل پیدا ہوئے۔

صدر مملکت نے کہاکہ صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے 17 مئی کے فیصلے سے گورنر کے اصولی موقف کی توثیق ہوئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے 20 مئی کے فیصلے سے بھی گورنر پنجاب کا موقف مزید مستحکم ہوا۔الیکشن کمیشن نے 25 اراکین صوبائی اسمبلی کے انحراف اور وفاداریاں بدلنے کی تصدیق کی۔وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 48 ون کے مطابق نئے گورنر پنجاب کی تقرری کی ایڈوائس پر نظر ثانی کریں۔

Comments are closed.