دنیا کے حالات جیسے بھی ہوں پاک چین دوستی قائم رہے گی،صدر شی جن پنگ

بیجنگ: پاکستان کے دیرینہ دوست ملک چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے اپنے خط میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دنیا کے حالات جیسے بھی ہوں دونوں ملکوں کی دوستی قائم رہے گی۔

صدر شی جن پنگ نے اپنے خط میں وزیراعظم عمران خان کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چینی صدر نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ ترقی خوشحالی اور امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک ساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے۔

صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ چین کی پاکستان کے ساتھ دوستی مثالی ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے۔ عالمی وباء کورونا کے مشکل حالات کے دوران دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ مثالی تعاون کیا۔

چینی صدر نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے، دونوں قومیں ایک دوسرے کی بہتری کی خواہش مند ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا خطے کی ترقی کے لیے اہم کردار ہے۔

Comments are closed.