ملک میں ایک ہفتے کے دوران 14 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔22 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں آلو، ٹماٹر، دال مسور، تازہ دودھ، دہی اور خشک دودھ سمیت دیگر اشیاء مہنگی ہوئیں۔ اسی ہفتے 11 اشیاء کی قیمتوں میں معمولی کمی بھی ہوئی جن میں پیاز، لہسن، چینی، چکن، دال چنا، دال ماش شامل ہیں، 26 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی مہنگائی سے متعلق ہفتہ واررپورٹ میں کہاگیاہے کہ مسلسل کئی ہفتے اضافے کے بعد گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.23 فیصد کمی واقع ہوئی۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح اب بھی 8.76 فیصد ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پیاز کی برآمد پر غیراعلانیہ پابندی عائد کردی ہے اور پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے ایکسپورٹ کے لیے فائیٹو سرٹیفکیٹ کا اجراء روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت تجارت نے مقامی مارکیٹ میں پیاز کی قیمتوں میں استحکام کے لیے غیراعلانیہ پابندی عائد کی ہے ۔ پاکستان پیاز سری لنکا، بنگلا دیش اور ملائیشیا کو برآمد کرتا ہے ۔
Comments are closed.