مقبوضہ جموں وکشمیر میں بے دخلی اورمسماری مہم کیخلاف سرینگر، دہلی میں احتجاج

سرینگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کو اپنی زمینوں سے بے دخل کرنے اور باہر کے لوگوں کو آبادکرنے کے مذموم ایجنڈے کے تحت مودی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی بے دخلی اور مسماری مہم کے خلاف ہرسیاسی جماعت کی طرف سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔

 گھر میں نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں  بھارتی حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ مہم کو فوری طور پر روک دے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں بے گھرکرنے کے لیے یکے بعد دیگرے ظالمانہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میرواعظ نے بھارت پر واضح کیا کہ سرحد پراور ہمسائیگی میں تنازعات کی موجودگی میں کوئی بھی ملک ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کی خاطر تنازعہ کشمیرکو حل کیاجائے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اسرائیلی نقش قدم پر چل رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر بھارت کے جابروں، استحصال اور زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے نئی دہلی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے دیرپا حل پر زوردیا۔انہوںنے کہا کہ بلڈوزر کے استعمال نے جموں و کشمیر کو افغانستان سے بھی بدتر بنا دیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہر طرف افراتفری ہے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مکانات، کمپلیکسز اور عمارتوں کو منہدم کرنے کے لیے ہر جگہ بلڈوزر بھیجے جا رہے ہیں۔

دریں اثنا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں زمینوں سے بے دخلی اور مسماری مہم کے خلاف آج سرینگر میں احتجاجی مارچ کیا۔ پی ڈی پی رہنمائوں اور کارکنوں سمیت مظاہرین نے میونسپل پارک کے قریب پارٹی دفتر سے شہرکے ٹریفک ہیڈکوارٹر کی طرف مارچ کیا اور مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر” کشمیر، کشمیریوں کا ہے”،” جموں و کشمیر پر کالونی کی طرح حکمرانی بند کرو” اور” ہمارے گھروں کو مسمارکرنا بند کرو” جیسے نعرے درج تھے۔

ادھر نئی دہلی کے جنتر منتر پر بھی کشمیری اوربھارتی کارکنوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری مسماری مہم کو فوری طورپرروکنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ مہم سیاسی بنیادوںپر شروع کی گئی ہے جس سے علاقے میں خوف اوردہشت پھیل گئی ہے۔

Comments are closed.