کھلاڑیوں اور آفیشلز میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 6) ملتوی کر دی گئی۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں شریک مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں تمام ترصورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پاکستان سپر لیگ کو مزید جاری رکھنا ممکن نہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ لیگ کے آغازسے اب تک 7 کورونا کیسز سامنے آ چکے ہیں، انسانی جان اور صحت ہر چیز سے مقدم ہے، پی ایس ایل میں شریک تمام ٹیموں اور دیگر سٹاف کے پی سی آر ٹیسٹنگ کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ انسداد کورونا ویکسی نیشن اور آئیسو لیشن کے انتظامات بھی کیے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل ملتوی کرنے کے فیصلے سے متعلق فرنچائز مالکان کو بھی آگاہ کر دیا ہے اس حوالے سے فرنچائز مالکان کے ساتھ پی سی بی حکام کا ورچوئل اجلاس بھی ہوا۔ پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں 6 اور لاہور میں 14 میچز شیڈول تھے
واضح رہے کہ پی ایس ایل 6 کے دوران کھلاڑیوں اور آفیشلز کی جانب سے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزیوں اور انسداد کورونا کے لئے مناسب انتظامات نہ کیے جانے کی شکایات سامنے آئی تھیں،جس ہوٹل میں کھلاڑی ٹھہرے تھے وہاں شادی و دیگر تقریبات ہوتی تھیں، بعض اوقات ہوٹل کی لفٹ میں کھلاڑیوں کو شہریوں کے ساتھ دیکھا گیا۔
اسی صورتحال کے پیش نظر ڈاکٹرز کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ہوٹل چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
Comments are closed.