انتخاب جیتنے کی دعویدارتحریک انصاف آزادکشمیرخود کوالیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہی نہ کروا سکی

گلگت بلتستان کی طرح آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں بڑی کامیابی کا دعویٰ کرنے والی پاکستان تحریک انصاف خود کو آزادجموں و کشمیر الیکشن کمیشن میں بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ کرانے میں ناکام ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سربراہ بیرسٹر سلطان محمود پارٹی کو الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کرانے کیلئے مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہے جس کے باعث پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی باقاعدہ رجسٹریشن نہیں ہو سکی۔

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے جاری کیے گئے ایک نوٹی فیکیشن میں مجموعی طور پر 24 سیاسی جماعتوں کو رجسٹرڈ جماعتیں ظاہر کیا گیا ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف کا نام اس فہرست میں شامل ہی نہیں۔

الیکشن کمیشن کی جاری فہرست میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر، پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) آزاد جموں و کشمیر، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر، تحریک لبیک پاکستان آزاد کشمیر، تحریک تحفظ انسانی حقوق پارٹی آزاد جموں و کشمیر، صدائے حق پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے نام شامل ہیں

فہرست میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس، آل جموں و کشمیر نظام مصطفیٰ کانفرنس، آل کشمیر پارٹی، اللہ توکل پارٹی، جعفریہ سپریم کونسل آزاد جموں و کشمیر، جماعت فلاح انسانیت آزاد جموں و کشمیر، جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر، جمعیت علمائے جموں و کشمیر، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کے نام شامل ہیں۔

 جموں و کشمیر نیشنل لبریشن لیگ، جموں و کشمیر قومی موومنٹ، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی، جموں و کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ ، مجلس وحدت المسلمین آزاد کشمیر، مرکزی جمعیت اہلحدیث العالمی آزاد کشمیر، مشن کشمیر ٹاسک فورس، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں شامل ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے پارٹی کی رجسٹریشن نہ ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا جاری کردہ نوٹیفکیشن معمول کی کارروائی ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے مانگی گئی دستاویزات تین سے چار دن میں پوری کر کے جمع کرا دی جائیں گی۔ ارشاد محمود نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں بطور سیاسی جماعت رجسٹر کرا لی جائے گی۔

Comments are closed.