حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس۔۔۔۔ اراکین کے وزیرخزانہ سے سخت سوالات

اسلام آباد: قومی ا سمبلی اجلاس سے قبل وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہواجس میں مسلم لیگ ق کے اراکین نے شرکت نہیں کی ۔ وزیرخزانہ سے معاشی صورتحال پر سخت سوالات کیے ، کہا آئی ایم ایف کی شرائط قابل تشویش ہیں، پارلیمنٹ اور عوام کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔

وزیرخزانہ شوکت ترین نے منی بجٹ پر بریفنگ دی ۔ رکن قومی اسمبلی سلیم الرحمن نے کہا کہ ڈالر 180 روپے سے اوپر چلا گیا، وزارت خزانہ نے عوام کو مارکیٹ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے ڈالر ریٹ زیادہ ہے، ڈالر کو 165 سے 170 کے درمیان ہونا چاہیے ، امید ہے ہم آئندہ کچھ روز میں مصنوعی اضافے کو کنٹرول کرلیں گے۔

 رمیش کمار نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی خودمختاری پر اعتراض نہیں، لیکن آئی ایم ایف کی شرائط قابل تشویش ہیں، پارلیمنٹ اورعوام کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، اراکین نے مطالبہ کیاکہ معاشی سیکورٹی سے متعلق خدشات کو دور کیا جانا ضروری ہے، وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا جارہا ہے،اداروں کو خودمختار بنانا حکومت کی پالیسی ہے،بورڈ آف گورنرز حکومت تعینات کرے گی جو اسٹیٹ بینک گورنر کا فیصلہ کرے گا۔

Comments are closed.