اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس واپس لے لیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سابق صدر آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے دائر ریفرنس پر ابتدائی سماعت رکن سندھ عبد الغفار سومرو کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی۔ درخواست گزار پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
خرم شیر زمان نےموقف اپنایا کہ آصف علی زرداری کی بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق مصدقہ شواہد ملے ہیں، یہ معاملہ سپریم کورٹ لے جانا چاہتے ہیں۔ رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے استفسار کیا کہ کیا وہ اپنی پٹیشن واپس لینا چاہتے ہیں؟ جس پر خرم شیرزمان نے استدعا کی کہ وہ اپنی پٹیشن واپس لینے کی اجازت چاہتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انہیں پٹیشن واپس لینے کیلئے تحریری درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی۔ خرم شیر زمان کی تحریری درخواست پر الیکشن کمیشن نے آصف زرداری کی نااہلی کے لئے ریفرنس واپس کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت کو عوام نے کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں کے احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے۔ اب کرپشن کے ذریعے اثاثے بنانے والوں سے پوچھا جائےگا کہ انہوں نے یہ اثاثے کیسے بنائے۔ خرم شیر زمان نے سندھ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضمنی الیکشن کے لیے تیار ہو جائیں کیوں کہ آصف زرداری کی نااہلی کے بعد نشست خالی ہونے والی ہے۔
Comments are closed.