سیالکوٹ میں بلااجازت جلسے کی کوشش پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار سمیت متعدد گرفتار

سیالکوٹ: پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے بلااجازت مسیحی برادری کے سی ٹی آئی میدان میں جلسہ کرنے کی کوشش پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

سیالکوٹ میں چرچ کی زمین پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسہ منعقد کرنے کی کوشش کی۔  ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کا کہا جس سے انہوں نے انکار کردیا۔ جلسہ گاہ تبدیل نہ کرنے پر پولیس حرکت میں آگئی۔

پولیس نے عثمان ڈار، عمر ڈار، حافظ حامد رضا، علی اسجد ملہی، مہر کاشف، سعید احمد ، بیرسٹر جمشید غیاث بھلی کوحراست میں لے لیاگیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے جلسہ گاہ سے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کردیا اور گراؤنڈ کو خالی کروالیا۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ہم نے جگہ خالی کروائی ہے لیکن کسی کوحراست میں نہیں لیا، بلااجازت جلسہ کرنے کی کوشش ہورہی ہے، عبادت گاہ کے سامنے زبردستی جلسہ کرنے کی کیسے اجازت دیں، ضلعی انتظامیہ نے جگہ تبدیل کرنے کاکہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عمران قریشی نے جلسہ گاہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ جگہ پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، تحریک انصاف کسی بھی اور جگہ جلسہ کرنا چاہے تو ہم وہ جگہ دینے کو تیار ہیں، ہم نے متعدد مرتبہ تحریک انصاف کو جگہ تبدیل کرنے کی درخواست کی کیونکہ یہ جگہ امریکن چرچ کی ذاتی ملکیت ہے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ جلسہ کرناآئینی قانونی حق ہے، ہمیں ایک دن پہلے کہا گیا کہ جلسہ گاہ تبدیل کرو، عمران خان آج ہرصورت سیالکوٹ آئیں گے، ہمیں جیلوں میں ڈال دو لیکن جلسہ وہیں پہ ہوگا۔ پی ٹی آئی میڈیاکوآرڈینیٹر کے مطابق عثمان ڈار اور دیگر رہنماؤں کو گرفتار کرکے نارووال جیل لے جایاجارہاہے۔

آزاد کشمیر کے وزیر مذہبی امور صاحبزادہ حامد رضا نے گرفتاری کے بعد پولیس وین میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور عمر ڈار کو گرفتار کر لیا گیا ہے ملکی تاریخ میں کبھی ایسا ظلم پہلے نہیں ہوا ہمارے پرامن جلسے کو سبوتاژ کیا گیا۔

جلسہ کے خلاف لاہور کی مسیح برادری نے بھی مال روڈ پر احتجاج کیا۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ پی ٹی آئی غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے، چرچ کی زمین کے سیاسی استعمال سے مسیحی برادری کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، کسی بھی مقدس مقام پر سیاسی جلسہ کرنا درست نہیں ہے، چرچ کی زمین پر جلسہ کی اجازت نہ کورٹ نے اور نہ ہی ڈی سی نے دی، عثمان ڈار غنڈہ گردی کر رہے ہیں، جس کی اجازت نہیں دیں گے۔

مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ سی ٹی آئی گراؤنڈ ہماری ملکیت ہے جہاں سالانہ مذہبی تہوار اور تعلیمی سرگرمیاں ہوتی ہیں، ہم نے پی ٹی آئی کا سیاسی جلسہ رکوانے کےلیے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دی، جلسے سے ہمارے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔

Comments are closed.