پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 2023 میں پاکستان تحریک انصاف کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے۔
راولپنڈی میں (ن) لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی معمولی بات نہیں، کنٹونمنٹ بورڈز کے صاف شفاف انتخابات میں پی ٹی آئی کو ابدی نیند سلا دیا ہے، الیکشن کمیشن کو آئندہ بھی شفاف الیکشن کرانا ہوں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے ہاتھوں 3 سال میں ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم نے پاکستان کو معاشی طور پر برباد اور قرضے لے کر ملک بدحال کردیا ہے، آٹا، دال اور چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہے ہیں، آج غریب آدمی کودوائی نہیں مل رہی ، بجلی کے بل غریب عوام پر بجلی بن کر حملہ کررہے ہیں۔
صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ قوم کا تیل نکالے والا سلیکٹڈ وزیراعظم کہتا ہے آپ نے گھبرانا نہیں، یہ کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں اور لاکھوں گھر دیں گے لیکن انہوں نے روزگار چھین لئے، آج سوا تین سال بعد لوگوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں،2023میں میں پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے۔
Comments are closed.