افغان مشیرقومی سلامتی امن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ماحول بگاڑ رہے ہیں،وزیرخارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے افغانستان کے مشیر برائے قومی سلامتی حمد اللہ محب کو آئینہ دکھا دیا اور کہا کہ پاکستان پر تہمت لگاتے ہوئے شرم کرو، اپنا رویہ بدلو اور زبان کو لگام دو، ورنہ پاکستان تم سے بات کرنے کا بھی روادار نہیں ہوگا اورنہ ہی کوئی پاکستانی ہاتھ ملائے گا۔

ملتان میں پی ٹی آئی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سوچ کو پذیرائی ملی اور دنیا اس بات پر متفق ہوئی کہ افغانستان کا مسئلہ جنگ سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل کیا جا سکتا ہے، وہ لوگ جو تہمتیں لگاتے تھے، وہ اس بات پر قائل ہو گئے کہ افغانستان کے مسئلے کا حل گفت و شنید ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج ببانگ دہل کہہ رہا ہوں کہ افغانستان کا نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کان کھول کر سن لے کہ پاکستان نے بڑی قیمت ادا کی ہے، 83ہزار جنازے ہمارے کندھے پر اٹھے ہیں، 128ارب ڈالر کی قیمت میرے ملک کی معیشت نے ادا کی ہے، ہم امن اور استحکام کی بات کررہے ہیں لیکن ننگرہار میں تم نے تقریر میں پاکستان کے خلاف انتہائی غلط الفاظ استعمال کیے، تم جو الفاظ استعمال کررہے ہو اور پاکستان پر جو تہمتیں لگا رہے ہو تو تمہیں شرم آنی چاہیے اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو کوئی پاکستانی تم سے ہاتھ نہیں ملائے گا اور نہ گفتگو کرے گا۔

وزیر خارجہ نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کہلانے والے یہ صاحب امن خراب کرنے والے کا کردار ادا کررہے ہیں اور افغانستان میں امن کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں، افغان مشیر قومی سلامتی ماحول کو سازگار بنانے کے بجائے بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں لہٰذا امن کے متلاشی افغانستان کے باشعور شہری انہیں اپنے رویے پر نظرثانی کے لیے قائل کریں کیونکہ یہ رویہ درست نہیں۔

Comments are closed.