اسلام آباد: جڑواں شہروں میں صبح سویرے موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ ندی ،نالے بھپر گئے ، گلیاں اور سٹرکیں تالاب بن گئیں۔ طغیانی کے باعث کوڑا چننے والے چار بچے پھسل کر نالے میں گرگئے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ۔
اسلام آباد کے نالہ کورنگ میں طغیانی کے باعث کوڑا چننے والے چار بچے پھسل کر نالے میں گرگئے تاہم ریسکیو اہلکا روں نے انہیں بحفاظت نکال لیا، بچوں کی عمریں 8 سے 14 سال تک تھیں جبکہ بچوں کو بچانے کے لئے نالے میں کودنے والے راہگیر کی لاش نہ مل سکی ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ریسکیو ٹیم کو قیمتی جانیں بچانے پر شاباش دی۔
راولپنڈی میں موسلا دھاربارش سے کمیٹی چوک ، صادق آباد،جامع مسجد روڈ، ڈھوک رتہ ،خیابان سرسید اور پیرودھائی سمیت درجنوں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،پانی گھروں میں داخل ہوگیا، واسا کی ٹیمیں بھی صبح سے متحرک رہیں اور شاہراوں سمیت گلیوں سے کافی حک تک پانی نکال لیا گیا۔ نالہ لئی میں کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقام پرپانی کی سطح ساڑھے17فٹ سے زائد ہونے پر الرٹ جاری کر دیاگیاہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں ابتک 62 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے ۔
پنجاب اور بلوچستان میں پانچ سے سات جولائی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ موسلادھار بارش سے راولپنڈی، اسلام آباد، کشمیر، خضدار، گوادر اور آواران کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔کشمیر، گلیات، مری، چلاس، دیامر، گلگت، ہنزہ، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔مسافر اور سیاح اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مون سون ہوائیں آئندہ 24 گھنٹوں میں شدت سے بیشتر علاقوں میں داخل ہوں گی جبکہ رواں ہفتے کے آخر سے مون سون ہواؤں میں دوبارہ شدت کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے، بارشوں کے باعث راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے، مسافر اور سیاح اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پی ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
Comments are closed.