بھارت 500 رافیل طیارے لے آئے،پاک فوج بروقت جواب کیلئے تیار ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ گزشتہ 20 برس کے دوران بھارت کے تمام عزائم کا منہ توڑ جواب دیا ہے، 5 رافیل آجائیں یا 500، ہمیں اپنی صلاحیت پر فخر ہے اور دشمن کو بروقت جواب دینے کے لئے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی قدر مقبوضہ کشمیر کی ماؤں سے پوچھیں جو بیٹوں کو پاکستانی پرچم میں دفن کرتی ہیں، بھارت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ  خواتین اور بچوں کی حرمت کو پامال کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، اقوام متحدہ کے مبصر گروپ اور انٹرنیشنل میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے خلاف مظالم پر اٹھنے والی آوازیں دنیا بھر میں گونج رہی ہیں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا نے بھی بھارتی ظلم و جبر کو بے نقاب کرتے ہوئے مودی سرکار کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے لائن آ ف کنٹرول پر بھی معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا،  22جولائی کو عالمی میڈیا نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر جانے کی اجازت نہیں، لائن آف کنٹرول کے قریب رہائشیوں کے گھروں میں شلٹرز بنائے جارہے ہیں، آزاد کشمیر کے عوام کا تحفظ ہرطور ممکن بنایا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حالیہ عالمی رپورٹ میں بھی بھارت میں دہشت گرد گروپس کی نشاندہی کی گئی، بھارت نے اندرونی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے خطے کا امن داؤ پر لگادیا، بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے، کراچی اسٹاک ایکسچینج حملہ ہو یا چینی قونصل خانے پر حملہ، سب کے تانے بانے بھارت سے ہی ملتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اسلحہ خریدنے والے ممالک میں سرفہرست ہے، لیکن جنگیں اسلحے کے زور پر نہیں جیتی جاتیں، بھارت 5 کے بجائے 500 رافیل طیارے بھی خرید لے افواج پاکستان کو اپنی صلاحیت پر فخر ہے اور ہم دشمن کو بروقت جواب دینے کے لئے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھاکہ پاکستان نے افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا، افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، پاک افغان سرحد پر دیر پا اقدامات کیے جارہے ہیں، 2611کلومیٹر پر باڑ پر کاکام مکمل کیا جاچکا ہے، پاک ایران بارڈر پر بھی باڑ لگانے کا کام جاری ہے۔

Comments are closed.