اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ امریکہ کے دوران اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریسں سے ملاقات کی ہے ۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہاکہ جنوبی ایشیا ءمیں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے، اقوام متحدہ غزہ میں فوری جنگ بندی یقینی بنائے تاکہ انسانی المیے کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے آرمی جنرل عاصم منیر کے دورہ امریکہ کا خیر مقدم کیا اور عالمی امن کے لیے پاک فوج اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارگردگی کی تعریف کی ۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ جنوبی ایشیا ءمیں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے ،آرمی چیف نے بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو یکطرفہ اور غیر قانونی طریقے سے تبدیل کرنے کی بھی سخت مذمت کی ۔آرمی چیف نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ میں فوری جنگ بندی یقینی بنائے تاکہ انسانی المیے کو رونما ہونے سے روکا جا سکے،مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل دو ریاستی فارمولا ہے ۔
واضح رہے کہ اپنے دورہ ا مریکہ کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اب تک سیکرٹری آف اسٹیٹ، ڈیفنس سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ، ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزراورچیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں آرمی چیف نے اہم قومی اور بین الاقوامی امور پر پاکستان کانکتہ نظر بھرپور انداز میں پیش کیا۔
Comments are closed.